الزامات پرانے، کیس جھوٹا، جہانگیر ترین کا کل ایف آئی اے طلبی پر ردعمل
اسلام آباد (نیٹ نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے منی لانڈرنگ اور شوگر ملز فراڈ سے متعلق تحقیقات میں جہانگیر خان ترین اورانکے بیٹے علی ترین کو طلب کرلیا۔ جہانگیر ترین کہتے ہیں کہ 80 شوگر ملز میں سے صرف ان کی شوگر مل کو نشانہ بنایا گیا، بیٹے علی ترین کو بھی بلا وجہ اس کیس میں گھسیٹا جا رہا ہے۔ ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ اور شوگر ملز فراڈ سے متعلق تحقیقات میں علی خان ترین کو آج 18 ستمبر جب کہ ان کے والد جہانگیر ترین کو 19 ستمبر کو لاہور دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم منی لانڈرنگ، شوگر ملز فراڈ سے متعلق تحقیقات کرے گی۔ دوسری جانب جہانگیر ترین نے رد عمل میں کہا ہے ایف آئی اے کے عائد کئے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ میرے متعلق کہانی گھڑ کے ایک خود ساختہ کیس بنایا گیا۔ انکوائری کمیش کا مقصد چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ معلوم کرنا تھا۔ جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ان الزامات کا چینی کی قیمت سے کوئی تعلق ہی نہیں۔ جن کارپوریٹ ٹرانزیکشنز کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں وہ آج سے کئی سال پرانے ہیں۔ سالوں پہلے کی گئی ٹرانزیکشنز کا چینی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے کیا تعلق ہے۔ کیس سے متعلق میرا مکمل موقف اور تفصیلات جلد ایف آئی اے کو جمع کرا دی جائیں گی۔