• news

شراب لائسنس کیس: نیب نے سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو گرفتار کر لیا

لاہور (سٹاف رپورٹر) نیب لاہور کی جانب سے لاہور کے نجی ہوٹل کو مبینہ غیر قانونی طور پر شراب لائسنس اجراء کے کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت کے طور پر سابق ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن ملزم اکرم اشرف گوندل  گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسروں  و اہلکاروں اور نجی ہوٹل کی انتظامیہ کیخلاف مبینہ غیر قانونی طور پر شراب لائسنس کیٹگری ایل 2- کے اجراء و حصول کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا جبکہ دورانِ تحقیقات انکشاف ہوا کہ مذکورہ نجی ہوٹل شراب لائسنس کے حصول کیلئے درکار قانونی معیار 4\5  سٹار ریٹنگ کا حامل نہ تھا۔ اگرچہ مذکورہ نجی ہوٹل کی جانب سے پنجاب ٹورسٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ سے 4\5  سٹار ریٹنگ سرٹیفیکیٹ بھی حاصل نہ کیا گیا۔ سابق ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملزم اکرم اشرف گوندل کی جانب سے  شراب لائسنس کے اجراء کیلئے دیگر ضروری  اقدامات کو بھی مد نظر نہ رکھا گیا۔ اگرچہ ملزم نے بطور ڈی جی ایکسائز قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اور دیگر قانونی مندرجات کو مدنظر رکھے بغیر نجی ہوٹل کو   L-2 کیٹگری لائسنس کے اجراء  میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر نجی ہوٹل کو فائدہ پہنچانے کیلئے اپنے ایکسائز ٹیکسیشن آفیسر کے ذریعے دیگر مختلف اداروں سے غیر قانونی لائسنس کے اجراء  کیلئے این او سی حاصل کیا۔ نیب تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ ملزم کی جانب سے اہلیت نہ ہونے کے باوجود نجی ہوٹل کیلئے L-2 کیٹگری کے شراب لائسنس کے اجراء کیلئے قانونی طریقہ کار میں انتہائی چالاکی کے ساتھ رد و بدل بھی کیا گیا۔ اکرم گوندل کو آج احتساب عدالت لاہور کے روبرو جسمانی ریمانڈ  کیلئے پیش کیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن