نوازشریف کے وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال، برطانوی ہائی کمشن کے ذریعے تعمیل کرائیں: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں اپیلوں پر سماعت کے دوران نواز شریف کی حاضری کے لیے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تعمیل کے لیے سیکرٹری خارجہ کو ارسال کر دیئے ہیں۔ دفتر خارجہ کو برطانیہ میں ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عدالتی احکامات کی روشنی میں نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سیکرٹری خارجہ کو ارسال کر دیئے ہیں۔ سیکرٹری دفتر خارجہ کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ کی تعمیل کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی 22 ستمبر اور اس کے بعد دیگر تاریخوں پر حاضری یقینی بنائی جائے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت سے سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت پر نواز شریف کی حاضری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں آئندہ سماعت پر ملزم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ فرد جرم عائد ہونے سے پہلے شریک ملزم ہمایوں فیض رسول کو حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ نیب ہیڈ کوارٹر میں انٹرنیشنل کوآرڈی نیشن ونگ کو نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی اطلاع کر دی تھی۔ وزارت خارجہ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے ملزم نواز شریف کے گھر پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ارسال کئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ مجھے بتائیں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل ہوا یا نہیں۔ کیا آپ مطمئن ہیں کہ آپ نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں تو ان پر عمل ہو جائے گا۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ سر اگلی تاریخ پر عدالت کو مکمل عمل درآمد رپورٹ پیش کر دیں گے۔