بھارتی فوج نے 4 کشمیر شہید کر دیئے: انڈیا غیر قانونی قبضہ فوری ختم کرے: پاکستان
سری نگر+اسلام آباد (کے پی آئی، آن لائن+سٹاف رپورٹر) بھارتی فوج نے سری نگر میں 45سالہ خاتون کوثر ریاض سمیت مزید نہتے 4 کشمیریوں کو گولی مار کر شہید کر دیا ہے۔ دو روز میں تعداد 6 ہوگئی۔ کے پی آئی کے مطابق شہر سرینگر کے بٹہ مالو علاقے میں جمعرات کی صبح بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کارروائی کے دوران گولی لگنے سے 45سالہ مقامی خاتون کوثر ریاض سمیت کشمیریوں کو گولیاں لگیں۔ زخمی کوثر ریاض کوہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ دیگر تین نوجوان موقع پر شہید ہو گئے۔ بھارتی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ جھڑپ ہوئی ہے مارے جانے والے تین عسکریت پسند تھے۔ سی آر پی ایف 17 بٹالین کا ڈپٹی کمانڈنٹ راہول کمار بھی گولی لگنے سے ایک دوسرا اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔ ادھر بھارتی فوج نے پورے علاقے کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں 45سالہ خاتون کوثر ریاض سمیت4 کشمیریوں کے قتل کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے ہوں گے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے کوثر ریاض سمیت4 کشمیریوں کی شہادت کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ اے پی ایچ سی کے ترجمان نے سری نگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی فوج کے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کو گھنائونی کارروائی قرار دیتے ہوئے ان واقعات کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لوگوں میں خوف و ہراس کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے کشمیر میں قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔ انہوں نے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ دوسری جانب سری نگر کے مختلف علاقوں میں مشتعل مظاہرین اور سکیورٹی دستوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ نہتے کشمیریوں کی شہادتوں کے بعد سینکڑوں کی تعداد میں مقامی باشندے احتجاج کرتے ہوئے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ عینی شایدین نے بتایا کہ یہ تصادم اس وقت شروع ہوا، جب جمعرات کو علی الصبح سینکڑوں کی تعداد میں مقامی شہریوں نے مزید چار شہادتوںکے بعد احتجاج کرنا شروع کر دیا۔ مظاہرین انتہائی مشتعل تھے اور انہوں نے بھارتی سکیورٹی دستوں پر پتھراؤ بھی شروع کر دیا۔ مظاہرین 'پاکستان زندہ باد‘ اور 'ہم آزادی چاہتے ہیں‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ مسلح فورسز نے ان کے خلاف آنسو گیس اورپیلٹ گنوں کا استعمال بھی کیا۔ پولیس کی طرف سے مظاہرین کو منشتر کرنے کی کوشش کے دوران کسی کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ بھارتی ریاستی وزیر برائے امور خارجہ نے راجیہ سبھا میں پاکستان مخالف بیان دیا۔ پاکستان نے بھارتی ریاستی وزیر برائے امور خارجہ بیان بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ پاکستان زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالیوں اور ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔ بھارت کیسے دوسروں پر الزام تراشی کر کے دنیا کی آنکھوں میں دھواں جھونک سکتا ہے۔ بھارت نے اپنے غیر قانونی تسلط، جموں و کشمیر میں یکطرفہ و غیر قانونی اقدامات سے ماحول خراب کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں ابھی تک بھارت جارحانہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ بھارت عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر حل کرنے پر رضامندی سے ماحول بہتر بنا سکتا ہے۔ فوری طور پر بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر سے غیر قانونی قبضہ ختم کرے۔ بھارت کشمریوں کو حق خودارادیت دیکر عالمی ذمہ داریاں پوری کرے۔ وجے مرالی دھرن نے راجیہ سبھا میں پاکستان پر سرحد پار دہشتگردی کے الزامات دہرائے تھے۔بھارت، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی،آزاد اور شفاف استصواب رائے کے ذریعے مظلوم کشمیریوں کو ان کا جائز حق، خود ارادیت فراہم کرے۔ ترجمان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ہی مقبوضہ کشمیر میں 5اگست 2019 کے غیر آئینی، یکطرفہ اقدامات، متشدد بیانیے اور جبرواستبداد کے ذریعے ماحول میں بگاڑ پیدا کیا ہے ۔یہ ذمہ داری بھی ہندوستان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ماحول کو سازگار بنانے کیلئے، ان یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کو منسوخ کرے، کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کو ترک کرے اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں حل کرنے پر آمادہ ہو۔