ادائیگی سمیت سنگین خلاف ورزیاں، پی ایس ایل کا انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے معاہدہ ختم
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے واجبات کی ادائیگی سمیت متعدد مرتبہ دیگر سنگین خلاف ورزیاں کرنے پرپاکستان سپر لیگ 2020 کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے معاہدہ ختم کردیا۔پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس برائے 2019 تا 2021 ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے تاہم پی سی بی نے متعد مرتبہ کنٹریکٹ کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر معاہدہ ختم کردیا ۔پاکستان سپر لیگ کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی پیشہ ور ادارہ ‘ جو شفافیت سے کام کرتا ہے۔ متعدد مرتبہ یاد دہانی اور رابطے کے باوجود پارٹنر زمہ داریاں اور معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد معاہدہ ختم کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن باقی نہ رہا۔ معاہدے کو اس وقت ختم کرنا اس لیے بھی ضروری تھا کیونک پی سی بی کو پی ایس ایل کے آئندہ ایونٹ کیلئے نئے شراکت دار کو ڈھونڈنے میں اب مناسب وقت مل جائیگا۔