سابق بھارتی کرکٹرآئی پی ایل اور پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے خواہاں
لاہور (سپورٹس ڈیسک) سابق بھارتی کرکٹر اور آئی پی ایل گورننگ کونسل کے رکن سریندر کھنہ نے واضح کیا ہے کہ فی الحال آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت ممکن نہیں۔ 64 سالہ سریندر کھنہ نے کہا کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت دونوں ملکوں کے شائقین کیلئے خوشی کی بات ہوگی لیکن ابھی ایسا ناممکن ہے، ہمیں حکومتی ہدایات پر عمل کرنا ہوگا، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی جیسے کرکٹرز ایونٹ میں بہترین اضافہ ہوسکتے ہیں۔ اگر دونوں ملکوں میں تعلقات اچھے ہوتے ہیں تو پھر آئی پی ایل اور پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کی تجویز پر عمل درآمد ممکن ہوگا،دنیا بھر میں شائقین پاکستان اور بھارت کے مقابلے دیکھنے کے خواہشمند ہیں، یقین ہے کہ مستقبل میں ضرور یہ میچز ممکن ہوپائیں گے۔