6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے 103 کھلاڑی آج سنٹرل سٹیشنز طلب
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی نے چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے فرسٹ الیون سکواڈز کی پہلی کرونا وائرس ٹیسٹنگ کے بعد کْل 103 کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کو آج بروز جمعرات سنٹرل سٹیشنز میں طلب کرلیا ہے۔ ان تمام افراد کے پہلے کرونا وائرس ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ اب ان 103 افراد کی دوسری کرونا وائرس ٹیسٹنگ 18 ستمبر کو پی سی بی میڈیکل ٹیم کی زیرنگرانی ان کی ٹیم کیلئے مقررہ سنٹرل سٹیشنز پر ہوگی۔ سنٹرل پنجاب، خیبرپی کے، ناردرن اور سدرن پنجاب کیلئے رمادا ہوٹل ملتان جبکہ بلوچستان اور سندھ کیلئے مریدکے کنٹری کلب لاہور کو سنٹرل سٹیشن مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران سکواڈز میں شامل ہر فرد کو علیحدہ علیحدہ کمروں میں رہائش دی جائیگی۔ ان سکواڈز میں شامل ایک فرد کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہیں آئندہ پانچ روز کیلئے اپنی رہائشگاہ میں سیلف آئسولیٹ کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کاایک او ر کرونا وائرس ٹیسٹ ہوگا۔ اس ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے کی صورت میں انہیں دوسرے ٹیسٹ کیلئے سنٹرل سٹیشن طلب کیا جائے گا۔ دورہ انگلینڈ سے وطن واپس پہنچنے والے قومی کرکٹرز کو اپنے پہلے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ 22 ستمبرکو پی سی بی کے شعبہ میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز کو جمع کرانی ہے۔