صادق آباد، کوئٹہ میں پولیو کیسز،قصور میں قطرے پلانے کے بہانے نومولود اغوا
قصور+چونیاں +رحیم یار خان+صادق آباد+کوئٹہ (نمائندگان نوائے وقت+کرائم رپورٹر +آن لائن )صادق آباد اور کوئٹہ میں پولیو کے کیسز سامنے آگئے جبکہ پولیو کے قطرے پلانے کے بہانے 16روز کا نومولود اغوا کرلیا گیا۔ گزشتہ چار روز میںتیسرا نومولود اغوا ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق قصور کے علاقے کنگن پور سے جعلی پولیوورکرز بن کر خاتون سمیت دو افراد 16 دن کے نولود بچے کو اغوا کرکے لے گئے،ڈی پی او قصور نے موقع پر پہنچ کر مغوی کی بازیابی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں۔محمد یسین جو بھٹہ ملک خاں کے رہائشی نے پولیس تھانہ کنگن پور میں مقدمہ درج کروایا ہے اس کی بیوی گھر سے کہیں کام کے سلسلہ میں باہر گئی ہوئی تھی کہ اس کی غیرموجودگی میں اس کے بچے گھر میں اکیلے تھے کہ نا معلوم خاتون سمیت دو ملزم آئے اور پولیوں کے قطرے پلانے کے بہانے آئے اور نومولود بچے کو اغوا کرکے لے گئے۔ ادھرصادق آباد کے علاقہ ایف ایف سی چوک کی جناح کالونی میں چیکنگ کے دوران یونیسیف کی ٹیم نے21ماہ کی کمسن بچی فریدہ میں پولیو وائرس کی تصدیق کردی۔متاثرہ بچی کی والدہ نے میڈیا کوبتایا کہ حفاظتی ٹیکے اور پولیو کے قطرے نہیںپلائے،والدہ نے بتایا کہ وہ کراچی میں رہائش پذیر تھی تاہم 3ماہ قبل ہی وہ صادق آباد رہائش پذیرہوئے ہیں۔جبکہ محکمہ صحت بلوچستان کے حکام کے مطابق بلوچستان سے پولیو کا نیا کیس قلعہ سیف اللہ سے ایک سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی،بلوچستان میں رواں سال پولیو کے کیسز کی تعداد 19ہوگئی ،محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں رواں سال قلعہ سیف اللہ سیرپورٹ ہونیوالا پولیو کا یہ پہلا کیس ہے۔