المیہ ہے‘ کراچی کو کوئی اپنا نہیں سمجھتا: شاہد آفریدی
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) شاہد آفریدی نے ایک بار پھر سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹن سٹی کہلانے والے تین کروڑ کی آبادی والے شہر کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (ایس اے ایف) کے زیر اہتمام منگوپیر روڈ کے وانگی گوٹھ میں واقع سکول میں ایک تقریب کے بعد بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ وانگی گوٹھ سکول شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام کراچی میں رفاہی بنیادوں پر چلنے والے 8 سکولوں میں سے ایک ہے، یہ 8 سکول گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کے تعاون سے چلائے جارہے ہیں۔ شاہد آفریدی نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹن سٹی کہلانے والے تین کروڑ کی آبادی والے شہر کراچی کے مسائل روز بروز بڑھتے چلے جارہے ہیں، جس تیزی سے شہر کا حجم بڑھ رہا ہے اسی تیزی سے انفراسٹرکچر اور تعلیمی نظام بھی تباہ ہورہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ کوئی کراچی کو کوئی اپنا نہیں سمجھتا۔ سابق کپتان نے کہا کہ سندھ میں تعلیمی نظام کا یہ حال ہے کہ جنہیں ایپل اور بس کی سپیلنگ نہیں آتی وہ بھی استاد بنے ہوئے ہیں۔