• news

ترقی کا سفر بڑے شہروں سے پسماندہ علاقوں تک لے آئے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار ملتان سے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے فاضلہ کچھ اور بارتھی پہنچے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلیٰ نے فاضلہ کچھ کے بنیادی مرکز صحت اور ہائی سکول کو اپ گریڈ کر نے کا اعلان کیا۔ کوہ سلیمان کے علاقے میں پانی ذخیرہ کرنے اور آبپاشی کیلئے استعمال کرنے کیلئے 4سمال ڈیم کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ فاضلہ کچھ کے بی ایچ یو کو آر ایچ سی کا درجہ دینے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اراضی ریکارڈ سنٹر ڈیرہ غازی خان کے 1066سکولوں کو  شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کے تحت سکولوں کی سولرائزیشن کے پروگرام کا افتتاح کیا۔ فاضلہ کچھ میں سپورٹس سٹیڈیم کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ بارتھی میں ریسکیو1122 موٹر بائیک ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا۔ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کیا اور بلوچی زبان میں تقریر کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسی خیل تونسہ روڈ پونے تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی جارہی ہے۔ ترقی کے سفر کو بڑے شہروں کے ساتھ پسماندہ علاقوں تک لے کر آئے ہیں۔کئی دہائیوں سے نظر انداز علاقوں کو پہلی بار ان کا حق دیا جارہا ہے۔ قبائلی علاقے میں معیاری درس گاہیں بنائی جائیں گی۔ تعلیم کے ساتھ صحت کی سہولتوں کو مزید بہتر بنائیں گے۔ میرا اور آپ کا تعلق پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔ آپ سے ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے فاضلہ کچھ اور بارتھی میں بلوچ  روایت کے مطابق ’’حال احوال‘‘ کی محفل میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علاقے کے لوگوں کے مسائل سنے اور لوگوں سے درخواستیں وصول کیں اور احکامات جاری کیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پورے پنجاب کے عوام کی قسمت بدلیں گے۔ ماضی کے حکمرانوں کی طرح عوام کو دھوکہ دیا نہ دیں گے۔ سابق حکمرانوں نے آج تک ڈیرہ غازی خان کے اس پسماندہ علاقے میں قدم نہیں رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی طرح شوبازی پر نہیں بلکہ عمل پر یقین رکھتا ہوں۔ دوسری جانب بزدار حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں بازی لے گئی۔ وزیراعلی کی ہدایت پر تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے آن لائن سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ اجازت ناموں اور این او سی کے حصول کیلئے جدید ون ونڈو سسٹم کی کامیابی کے بعد آن لائن پلیٹ فارم کا اجراء کر دیا گیا ہے۔ بلڈرز، ڈویلپرز، آرکیٹیکٹس اور شہریوں کی نجی/کمرشل تعمیرات کیلئے اجازت نامے اب ایک کلک کے ذریعے میسر ہوں گے۔ صوبے میں معاشی استحکام اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ اب عوام آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے تعمیراتی شعبے سے متعلقہ خدمات ایک کلک پر حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی پالیسی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اپروولز رجیم پنجاب متعارف کرائی تھیں جس میں متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کو پابند بنایاگیا ہے کہ ہر لحاظ سے مکمل درخواستوں کو مقررہ مدت میں این او سیز یا اجازت نامے جاری کئے جائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن