• news

عالمی بنک کا ریکوڈک کیس میں پاکستان کے حق میں فیصلہ ،بڑا ریلیف ہے : عاصم باجوہ

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سی پیک اتھارٹی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ریکو ڈیک کیس میں عالمی بینک کے ٹربیونل کا پاکستان کے خلاف چھ ارب ڈالرز کی ادائیگی کے کیس میں حکم امتناع جاری کرنا بہت بڑا ریلیف ہے۔ جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر صوبہ میں شفاف طریقہ سے کان کنی کے شعبہ کو  ترقی دی جائے ، کان کنی کی ترقی اور منظم انداز میں امور کی انجام دہی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، بہترین ٹیکنالوجی کے استعمال اور مقامی سرمایہ کاروں کی شمولیت سے انسانی وسائل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔واضح رہے عالمی بینک کے ثالثی فورم نے ریکوڈک معاملے میں چھ ارب ڈالر ایوارڈ پر حکم امتناع جاری کیا۔ اکسیڈ ٹریبونل نے جولائی 2019 میں آسٹویلوی کمپنی ٹیتھیان کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ اکسیڈ نے پاکستان کو 6 ارب ڈالر آسٹریلوی کمپنی کو ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔اپریل 2020 میں حکم امتناع مستقل کرنے کی سماعت ویڈیو لنک پر ہوئی تھی۔ ریکوڈک معاملے پر حتمی سماعت مئی 2021 میں ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن