سی پیک کیخلاف سازشوں اور رکاوٹوں کا ملکر مقابلہ کریں گے، چینی سفیر
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں چین کے سفیر ژاؤ جنگ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان مل کرسی پیک کے خلاف سازشوں اور رکاوٹوں کا مقابلہ کریں گے اور وہ سی پیک ہر صورت میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ گزشتہ رات پاکستانی میڈیا کے ساتھ الوداعی ملاقات میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک ایک سڑک ایک پٹی منصوبے کا حصہ ہے۔ یہ منصوبہ اس خطے اور دنیا کے دوسرے ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے یہ کسی ملک کے خلاف نہیں۔ چینی سفیر نے چین بھارت سرحد پر جھڑپ اور کشیدگی کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین خطے میں امن کا خواہاں ہے وہ کسی ملک پر نہ حملہ کرنا چاہتا ہے اور نہ جنگ چاہتا ہے۔ جارحیت اوراشتعال اور کشیدگی کا ذمہ دار بھارت ہے۔ چینی سفیر نے توقع ظاہر کی کہ بھارت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا اور امن اور استحکام کے لئے کام کرے۔ سی پیک کے تحت آٹھ منصوبوں پر کام ہورہا ہے جن میں زراعت‘ ثقافتی شعبہ‘ سائنس وٹیکنالوجی شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ترقیاتی پارٹنرز ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی اور پارٹنر شپ صرف سی پیک سے نہیں شروع ہوئی دونوں ملکوں میں شراکت داری دوستی اور بھائی چارہ ستر سال سے زیادہ عرصہ سے جاری ہے۔ سی پیک کے بارے میں تمام شہبات اب ختم ہو چکے ہیں۔ تمام الزامات بھی دم توڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان ان کے ایجنڈے پر سرفہرست ہے وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ ژاؤ جنگ پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میں الوداعی خطاب میں جذباتی ہوگئے انہوں نے جذباتی انداز میں کہا ہے کہ میں نے پاکستان میں گیارہ برس تک بطور سفارت کار کام کیا ہے میں پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔ مجھے معلوم نہیں کہ اب میں دوبارہ پاکستان آ سکوں گا لیکن میں جہاں بھی ہوں گا پاکستان کے ساتھ وابستگی رہے گی اور پاکستان کے حالات پر نظر رکھوں گا۔
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق سید فخر امام نے گزشتہ روز پاکستان میں سبکدوش ہونے والے چینی سفیر سے الوداعی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں ان کی شراکت کو سراہا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ چین جنوبی بلوچستان میں کھجور کے پروسیسنگ پلانٹس اور پیاز کے کولڈ سٹورجز تیار کرنے میں معاونت کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں اطراف کے اعلی سطح کے وفودکے دوروں نے تعاون کے لئے نئے راستے کھول دیئے ہیں۔ زراعت کے میدان میں مفاہمت ناموں اور معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔ فخر امام نے کہا کہ چینی سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔