پاکستان ہاکی ٹیم جلد وکٹری سٹینڈ پر ہوگی: منظور جونیئر
لاہور(چودھری اشرف) پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف سلیکٹر اولمپیئن منظور جونیئر کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کے ویژن کے مطابق کام شروع کیا ہے۔آرمی چیف نے پانچ کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کر کے پاکستان ہاکی کی مالی مشکلات کم کرنے کی کوشش کی جس پر تمام ہاکی فیملی ان کی مشکور ہے۔ پاکستان ہاکی کو 17 نمبر پر پہنچانے والے سابق فارن کوچ رولینٹ اولٹمینز ہیں۔ میں پرامید ہوں کو پاکستان ٹیم جلد وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کریگی۔کھلاڑیوں میں خدا داد صلاحیتیں ہیں۔ پاکستان کی طرف سے تیرہ سال تک ہاکی کھیلی ‘ رولینٹ اولٹمینز کا خیال تھا کہ پاکستان ٹیم اگلے دس سال تک وکٹری سٹینڈ تک نہیں آ سکتی۔ اولمپک کوالیفائنگ راونڈ میں ہالینڈ کیخلاف دو ماہ کی مختصر تیاری کے بعد جس طرح کا کھیل پیش کیا اور نیک نیتی سے محنت کی جائے تو امید ہے کہ کھوئے ہوئے اعزازت واپس حاصل کر سکتے ہیں۔ تین چار سال پہلے پاکستان میں ہاکی کی سرگرمیاں مکمل طور پر ختم ہو کر رہ گئی تھیں تاہم پی ایچ ایف صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری آصف باجوہ کو اس بات کا کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے ہاکی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ آصف باجوہ نے جب چارج سنبھالا تو اس وقت کھلاڑیوں کا پول بہت ہی کم تھا لیکن اب دو اڑھائی سو کھلاڑیوں کا پول بن گیا ہے جس کی بڑی وجہ یہی ہے کہ گذشتہ ایک ڈیڑھ سال سے ہاکی ہو رہی ہے۔ جونیئر ایشیا کپ کی تیاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ پہلے ارادہ تھا کہ تربیتی کیمپ کیلیے 60 سے 65 کھلاڑیوں کو بلایا جائے لیکن اب فیصلہ کیا ہے کہ اتنے ہی کھلاڑیوں کو بلایا جائے جن پر توجہ دیکر تیاری کرائی جائے۔ کرونا وائرس لاک ڈاون کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن اور سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کیساتھ مکمل رابطے پر رہے ہیں، ٹائم ٹو ٹائم کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پر بتایا جاتا رہا ہے۔ میٹنگ کا ایک ہی ایجنڈا تھا کہ جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کا فوری آغاز کیا جائے۔ ایشیا کپ کی تیاری کیلیے قومی کھلاڑیوں کا فزیکل فٹنس کیمپ ایبٹ آباد میں آرمی ٹریننگ سکول میں لگایا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس بہت بنائی جا سکے۔