• news

پی ایس ایل کے میچز نہ ہوئے تو چھٹے ایڈیشن پر سوالیہ نشان لگ جاّئیگا: عاقب جاوید

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز کا ہونا بہت ضروری ہے، اگر یہ میچز نہ ہو ئے تو پھر پی ایس ایل 6 پر بھی سوالیہ نشان لگ جائیگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈنے پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز 14، 15 اور 17 نومبر کو کرانے کا اعلان کر رکھا ہے۔ عاقب جاوید نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے میچز ملتوی ہوئے تاہم اب اچھی خبریں یہ ہیں کہ پاکستان میں حالات بہتر ہیں، پاکستان میں قرنطینہ بھی زیادہ نہیں کرنا پڑتا اور زیادہ سے زیادہ 48 گھنٹوں کا قرنطینہ کر دیا گیا ہے جو کہ اچھی چیز ہے۔ دوسرے ممالک میں اب بھی قرنطینہ 15 روز کا چل رہا ہے، اگر پاکستان میں بھی قرنطینہ 15 روز کا ہوتا تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کی حامی بھرتے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ 48 گھنٹوں کی وجہ سے اب کسی کھلاڑی کیلئے معذرت پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ اگر یہ 4 میچز بھی ممکن نہیں ہو پاتے تو پھر اگلے سیزن پر بھی سوالیہ نشان آئیں گے، پی ایس ایل کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے، 70 سال میں اگر کوئی برانڈ پاکستان میں بنا ہے تو وہ پی ایس ایل ہے۔ پی ایس ایل کے میچز اسی طرح مزید دو تین برس لگاتار پاکستان میں ہوتے ہیں تو اس کے پاکستان میں کھیلوں پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ اگر تمام چیزیں مثبت رہتی ہیں اور پی ایس ایل کے باقی میچز شیڈول کے مطابق ہوتے ہیں تو یقینی طور پر غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آئیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں وہ ابھی سے پوچھتے رہتے ہیں اور بین ڈنک آنے کیلئے پرجوش ہیں۔ میچز کیلئے شائقین کو سٹیڈیم میں لانا چاہیے،  تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لائیں اور انہیں ایک قطار چھوڑ کر بٹھائیں، اس سے دنیا میں اچھا پیغام جائے گا، کم ازکم 5 ہزار تماشائیوں کو گراؤنڈ میں لانا چاہیے۔ ستمبر کے آخر تک لاہور قلندرز کی تیاریوں کے سلسلے میں پلان تیار کر لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن