ایمبولینس کو پولیس ناکوں پرغیر ضروری طور پر نہ روکا جائے :آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ شاہرات پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ایمبولینس گاڑیوں کی بلاتاخیر آمدورفت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ سڑک پر ٹریفک رش میں پھنسنے سے صرف کچھ منٹوں کی تاخیر قیمتی انسانی جان کے ضیاع کا سبب بن سکتی ۔آر پی اوز،سی پی اوز اور ڈی پی اوز اس حوالے سے اقدامات کی مانیٹرنگ بھی کرتے رہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مریضوں کو لے جانے والی ایمبولینس گاڑیوں کو پولیس ناکوں پرغیر ضروری طور پر نہ روکا جائے اور میڈیکل ایمر جنسی کی تصدیق ہوتے ہی ایمبولینس گاڑیوں کو فوراً جانے کی اجازت دے دی جائے۔یہ ہدایات انہوں نے سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کے نام بھجوائے گئے مراسلے میں جاری کی ہیں۔