لوگوں سے کہتا ہوں غلط کام کروں تو میری گاڑی کو اینٹیں ماریں: اعجاز شاہ
لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ اینٹی منی لانڈرنگ قانون سازی تحریک انصاف کیلئے نہیں ملک کیلئے کی گئی‘ ایسے کام جو موجودہ حکومت کر رہی ہے وہ بہت پہلے ہونے چاہئیں تھے‘ ملکی ترقی کیلئے یہ ضروری ہے کہ جو غلط کام کرتا ہے اس کا احتساب ہو۔ عوام کے پاس بھی یہ شعور ہونا چاہئے کہ وہ ووٹ ڈالتے وقت درست انتخاب کریں، وزیر اعظم عمران خان 60 فیصد وقت معیشت کو درست کرنے میں لگا رہے ہیں ‘موجودہ حکومت کو معیشت ابتر حالت میں ملی، اس کے بعد کرونا کی صورتحال کا بھی معیشت پر دباؤ پڑا۔ وہ جمعہ کے روز لاہور چیمبر آف کامرس میں پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اینٹی منی لانڈرنگ قانون سازی ملک کیلئے کی گئی‘ یہ قانون کل کو ہم پر بھی لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ وہ نہیں کرتا جس کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے احتساب ضروری ہے، خود بھی کہتا ہوں کہ میرے سے غلط کام ہو تو لوگ میری گاڑی کو اینٹیں ماریں اور اسی طرح ہر ایک کے ساتھ ہونا چاہئے جو غلط کام کرتے ہیں۔ کیونکہ احتساب سے کوئی مبرا نہیں۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ پہلی بار وزیراعظم عمران خان نے ریاست مدینہ کی بات کی ہے کوئی کوفے کی بات نہیں کی جس کی تعریف ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جوڈیشل سسٹم ‘ لا اینڈ آرڈر کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبرمیں پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا۔ دریں اثناوفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے عوام کو تلقین کی ہے کہ اس وقت تک ماسک پہنیں جب تک کوئی ملک کرونا ویکسین تیار نہیں کرلیتا۔ جمعہ کے روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملک میں کرونا ابھی ختم نہیں ہوا۔ جبکہ لندن‘ بھارت‘ فرانس سمیت کئی ممالک میں کرونا کیسز بڑھ رہے ہیں اس لئے لوگ احتیاط کریں۔