کرونا: مزید 3اموات، 108بچے، امتیاز شیخ پازیٹو، تعلیمی ادارے بند کرنے سے نظام تباہ ہوگا: شفقت محمود
اسلام آباد/ گوجرانوالہ/ سوہدرہ + وزیر آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پاکستان میں ساڑھے 6 ماہ کے طویل عرصے بعد پہلے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھلنے اور رینڈم ٹیسٹنگ میں اضافے کی وجہ سے کرونا کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ملک میں کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار78 ہے جس میں سے 2 لاکھ 92 ہزار 44 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 415 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔ پاکستان میں 19 ستمبرتک مزید 455 کیسز اور 3 اموات کا اضافہ ہوا، سندھ کے صوبائی وزیر امتیاز شیخ کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، آئیسولیٹ کر لیا۔ ان کیسز میں صوبہ بلوچستان میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 147 کیسز جبکہ خیبر پختونخوا کے 28 کیسز اور ایک ہلاکت بھی شامل ہے۔ بلوچستان میں ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 138 جبکہ خیبرپختونخوا میں مجموعی کیسز 37 ہزار 270 تک جا پہنچے۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 130 افراد کے وائرس سے متاثر جبکہ ایک مریض کے انتقال کرجانے کی تصدیق ہوئی۔ کیسز کی مجموعی تعداد 98 ہزار 272 ہوگئی۔ مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 226 تک پہنچا دیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 53 افراد وائرس سے متاثرہ پائے گئے۔کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 86، انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 180 ہے۔ گلگت بلتستان میں کرونا وائرس کے 31 مریض اور ایک موت رپورٹ ہوئی۔ مجموعی کیس 3 ہزار 412 تک پہنچ گئے۔ اموات 81 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر کے کیسز میں 19 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔ کیسز کی تعداد 2 ہزار 491 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 361 مریض شفایاب ہوئے۔ مجموعی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 44 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔ ملک میں فعال کیسز 6572 ہو گئے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ طالبعلموں کی صحت اولین ترجیح ہے تاہم جلد بازی میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ تعلیم کے نظام کو تباہ کردے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ وزارت صحت سے مشاورت سے ہوگا۔ پہلے ہی 6ماہ سکول بند ہونے سے تعلیم متاثر ہوئی ہے۔ تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ محتاط ہو کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلد بازی میں تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ تعلیم کے نظام کو تباہ کردے گا۔ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز کراچی کے تعلیمی اداروں میں 9 ہزار 500 سے زائد ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار کے نتائج آچکے ہیں اور ان میں 91 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ حیدر آباد آیا ہوں تو کراچی میں بھی فیلڈ افسران دورے کر رہے ہیں اور وہاں ہم نے آج 4 ادارے بند کیے ہیں'۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ 'ہم نے سوچا نہیں تھا کہ بچوں کو اس طرح سے سکول بلانا پڑے گا، انہیں ماسک پہنانا، سینیٹائزر کا استعمال اور سماجی دوری پر عمل درآمد کرانا ہوگا'۔ ان کا کہنا تھا کہ 'ہمیں اطمینان ہوگا تو ہم مزید بچوں کو سکول بھیجیں گے اور مزید اطمینان ہوا تو تمام کو بھیج دیں گے'۔ چاہتے ہیں کہ بچوں کی تعلیم اور نجی سکولوں کا مسئلہ حل ہو مگر بچوں کی صحت کی قیمت پر یہ کام نہیں کرسکتے تاہم ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازمی ہے۔ فیصلے سے وفاقی وزیر ناراض تھے کہ ان سے پہلے رابطہ نہیں کیا گیا، میں نے ان سے بعد میں رابطہ کیا'۔ انہوں نے کہا کہ 'بچوں کی صحت زیادہ عزیز ہے، کوئی برا مانے تو اسے راضی کرلیں گے'۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں اموات 9لاکھ 56ہزار 438ہو گئیں جبکہ 3 کروڑ 6 لاکھ 94 ہزار 541 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا میں کرونا سے متاثر 2 کروڑ20 لاکھ 51 ہزار 879 افراد صحتیاب ہوئے اور ایکٹیو کیسز کی تعداد 73 لاکھ 61 ہزار 466 رہ گئی ۔ امریکہ میں 24 گھنٹے کے دوران مزید 800 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 3 ہزار 171 ہو چکی ہے اور 69 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ بھارت میں کرونا وائرس سے مزید ایک ہزار 221 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد بھارتی میں اموات کی مجموعی تعداد 85 ہزار 625 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 53 لاکھ 5 ہزار سے بڑھ گئی۔ برازیل میں کرونا سے مزید 172 اموات کے بعد مجموعی طور پر اموات کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 857 ہو گئی ہے۔ روس کرونا وائرس سے مزید 134 افراد کی ہلاکت۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر کے کے-جی تا بارہویں جماعت تک کے 1000 کے قریب سکولوں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کرونا وائرس کی وجہ سے بھارت کا شعبہ تعلیم بے حد متاثر ہوا ہے اور اس فیصلے سے امید یہ کی جا رہی ہے کہ ملک بھر کے 1000 کے قریب سکول فروخت کرنے کے بعد ان سے آنی والی ساڑھے 7500 کروڑ روپے (تقریباً ایک ارب ڈالر) کی رقم کو آئندہ آنے والے 2 سے 3 سال کی سرمایہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ کرونا وائرس کے ٹیسٹ لئے گئے تو گورنمنٹ ہائی سکول سوہدرہ میں پانچ طلباء کے ٹیسٹ مثبت اور گرلز ہائی سکول سوہدرہ میں ایک طالبہ کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کی بناء پر گورنمنٹ ہائی سکول سوہدرہ کو کرونا وائرس کے کے باعث سیل کر دیا گیا۔ محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کرونا وائرس کی تشخیص ہونے پر دو سرکاری اور ایک بڑے نجی سکول کو سیل کرکے سکولوں میں طلبہ وطالبات اور اساتذہ کی آمدورفت روک دی ہے۔ وزیر آباد کے دو سرکاری سکول گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سوہدرہ‘ گورنمنٹ پبلک ہائی سکول وزیر آباد اور جناح روڈ پر قائم شہر کے بڑے نجی سکول کے طلبہ و طالبات میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی نجی سکول کے 39 میں سے 12 طلبہ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان سکولوں کو گزشتہ روز اے سی ٹی اور محکمہ تعلیم کے افسران کی نگرانی میں سیل کر دیا گیا ہے۔ امریکا کی شمال مشرقی ریاست میئن کے مضافات میں شادی کی ایک تقریب وائرس کے بدترین پھیلاؤ کا باعث بن گئی، جہاں 7 افراد ہلاک ہوگئے اور 177 افراد متاثر ہوئے جبکہ ریاست بھر میں مزید وبائی امراض کا خوف پھیل گیا۔ شادی کی تقریب اگست کے اوائل میں ہوئی تھی جس میں 50 افراد کی حد کو توڑتے ہوئے 65 افراد نے شرکت کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اس قصبے کی آبادی صرف 4 ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ میئن میں ان تقریبات کے 10 روز بعد دو درجن سے زائد افراد کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے تفتیش بھی شروع کردی تھی۔