بھارت کے غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں فوج کا محاصرہ، 3بے گناہ نوجوان گرفتار
سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مختلف علاقوں کا محاصرہ اور تلاشی آپریشن جاری ہے، جموں خطے کے ضلع راجوری سے تین بیگناہ نوجوان گرفتار کر لیے گئے ۔سرینگر سے ایک لاش برآمد کی گئی،کے پی آئی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے طول وعرض میں قابض بھارتی افواج کا آپریشن جاری ہے اس دوران کئی علاقوں کا فوجی محاصرہ جاری ہے ،قابض افواج نے راحیل بشیر ، عامر جان اور حافظ یونس وانی نامی نوجوانوںکو راجوری کے علاقے گجران بلال سے محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گرفتار کیا ،قابض فوج نے دعوی کیا کہ انہوں نے ضلع راجوری میں تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کیا ہے۔ سرینگر کے مضافاتی علاقہ نوگام نائک باغ میں ایک عدم شناخت لاش بر آمد کی گئی ہے جو بظاہر کسی 35سالہ مرد کی ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ضلع رام بن کی تحصیل بانیہال میں آتشزدگی کے ایک پر اسرار و بھیانک واردات کے دوران کم سے کم28دکان اور ایک رہائشی مکان خاکستر ہوگئے۔یہ واقعہ تحصیل بانہال کے کھاری مارکیٹ میں پیش آیا ،کے پی آئی کے مطابق حکام نے بتایا کہ ہفتہ کوآدھی رات کو آگ پر اسرار طور نمودار ہوکر پورے مارکیٹ میں آنا فاناپھیل گئی۔آگ پر قابو پانے کیلئے مقامی لوگ اور متعلقہ عملہ جائے واردات پر پہنچ گئے لیکن وہ آگ کو قابو نہیں کر پائے۔