• news

اے پی سی سے نواز شریف کے خطاب کا حامی‘ تحریک چلا لیں کچھ نہیں ہوگا: شیخ رشید

لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں خطاب کرنے دیں کیونکہ اس کانفرنس میں کوئی بڑا فیصلہ نہیں جا رہا۔ ٹی وی چینل کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ میں ملوث بھگوڑوں کی تقریریں دکھانے کا حامی ہوں، اصل فیصلہ حکومت کا ہو گا۔ نواز شریف کو باہر بھیجنے کا حامی تھا، سمجھتا ہوں جوباہرجانا چاہتا ہے جانے دیا جائے۔ کرپٹ لوگ ہمیں ذلیل خوار کر گئے، سابق وزیراعظم کو کل کہنا چاہیے پاکستانیو ں پارک لین کے فلیٹ آپ کے پیسے لوٹ کربنائے۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی نے اے پی سی کونہیں روکا، کل پتا چلے گا اے پی سی یا اے بی سی ہے۔ نوازشریف اگرپہلے اسمبلیوں سے نکلیں گے توپھرسمجھوں گا لڑائی شروع ہوگئی۔پروگرام میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاست دانوں نے جتنا لوٹنا تھا لوٹ چکے، سیاستدان کوسیاست کی خارش ہوتی رہتی ہے۔ اسمبلیوں سے استعفے دیئے بغیرٹانگیں نیچے یا اوپرکرلیں،کچھ نہیں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمان میرے پیر بھائی اورشہبازشریف کا میری پارٹی سے تعلق ہے۔انہوں نے پیشنگوئی کرتے ہوئے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کا موقف سافٹ ہوگا۔ ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان ایک پیج پرہونگے۔ دونوں فریقین تحریک چلا لیں کچھ نہیں ہو گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ متحدہ بانی بھی عدالتوں کومطلوب اوربھگوڑا ہے۔ لندن تمام بھگوڑوں کا ہیڈکوارٹرہے۔ متحدہ بانی،نوازشریف،اسحاق ڈار،سلمان شہبازبھگوڑے ہیں، اگرنوازشریف میں ملک کے لیے اگردرد ہے توکل واپسی کا اعلان کرے، انہوں نے مسلم لیگ ن سے سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ نوازشریف، مریم نواز ایک سال سے کیوں خاموش تھے؟ شہبازشریف بھی جیل جائے گا اور(ن)لیگ سے(ش)لیگ نکلے گی، یقین ہے 30 دسمبرسے پہلے(ن)سے (ش)الگ ہوگی۔دریں اثناء وزیر ریلوے شیخ رشید علیل ہو گئے، لاہور کی تمام مصروفیات منسوخ کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد علیل ہوگئے۔ راولپنڈی سے لاہور نہ پہنچ سکے۔ شیخ رشید نے کہا کہ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے باوجود جسم میں بہت کمزوری ہوگئی۔ ڈاکٹرز کے مشورے کے بعد ادویات اور پرہیزی خوراک کا استعمال کر رہا ہوں۔ انہوں نے قوم سے صحت یابی کے لئے دعا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن