• news

اے پی سی کے نام پر مفادات ، لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کا اجتماع ہورہا ہے: عثمان بزدار

 لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت ملتان میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وہاڑی، ملتان، بارتھی اور فاضلہ کچھ کے دوروں کے دوران عوامی مطالبات پر رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹریز اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیںاور عوامی نمائندوں کی تجاویز اور سفارشات کو ملحوظ خاطر رکھاجائے،کسی کا بھی جائز کام نہ روکا جائے اورجنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے کام کے سلسلے میں اب لاہورنہ آنا پڑے۔ عثمان بزدارنے کہاہے کہ اے پی سی کے نام پر اپنے اپنے مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کا اکٹھ ہو رہا ہے اور اپوزیشن جماعتوںکی یہ بیٹھک عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کیلئے ہے کیونکہ اپوزیشن کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کا کوئی ایجنڈا نہیںاور اپوزیشن رہنمائوں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ عوام کے مسترد شدہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ پاکستان کے باشعور عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے ملکی دولت کو لوٹا اور معیشت کو تباہ کیا اور اپنے سابق ادوار میں پاکستان کی ترقی و عوام کی خوشحالی کا سفرکھوٹا کرنے والے عناصر اب اے پی سی کا ڈرامہ رچا رہے ہیں۔  کہ اے پی سی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے اپوزیشن رہنما ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں - اپوزیشن جماعتوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اوریہ اے پی سی بھی ناکام رہے گی۔ عثمان بزدارنے ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوہ سلیمان کے دور دراز علاقے عافی بندکا دورہ کیا- کسی بھی وزیر اعلی کا دور دراز علاقے عافی بند کا یہ پہلا دورہ ہے۔ کوہ سلیمان کے علاقے عافی بند میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعلیٰ کی آمد پر مقامی لوگ خوشی سے نہال ہو گئے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار اوران کی ٹیم کو بکریوں کے دودھ کی چائے پیش کی گئی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پانی کی بوتل کی بجائے گڑھے سے پانی منگوا کر پیا اور مقامی لوگوں سے ’’حال احوال‘‘ کیا- علاقے کے لوگوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو مسائل سے آگاہ کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے عافی بند کے علاقے میں سکول اورپکنک پوائنٹ بنانے کا اعلان کیا اور لوگوں کو ہمہ وقت پانی کی فراہمی کیلئے ٹینکی رکھوانے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار کے حکم پر ڈسٹرکٹ جیل ملتان کے بیمار قیدی کو کارڈیالوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن