• news

اے پی سی سے خطرہ نہیں:چودھری سرور‘ بلاتفریق احتساب ہوگا: اعجاز شاہ 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)گورنر پنجاب چودھری سرور سے وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ملاقات کی ہے، جس میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری سرور کا کہنا تھا پارلیمنٹ میں ناکام ہونیوالی اپوزیشن اب باہر بھی ناکام ہی ہوگی، آئینی مدت پوری ہونے سے پہلے حکومت کہیں جانیوالی نہیں، قانون سازی میں رکاوٹیں ڈالنے والی اپوزیشن بے نقاب ہوچکی، اے پی سی سے حکومت کو خطرہ ہے نہ کوئی دباؤ،وفاقی وزیر داخلہ اعجازہ کا کہنا تھا حکومت شفافیت اور بلاتفریق احتساب کو یقینی بنا رہی ہے، پہلی بار ملکی اداروں میں اصلاحات ہو رہی ہیں، عوام نے 5 سال حکومت کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن کی جانب سے بنائی گئی 'راہزن کمیٹی' دو سال کی جدوجہد کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف، اپنے اپنے ابو بچانے اور اپوزیشن پارٹیوں کی کرپشن، منی لانڈرنگ، اقربا پروری، اور حلوے کے لالچ کے بنیادی ایجنڈے پر دوبارہ اکٹھی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الائیڈ پارٹیز فار کرپشن نے این آر او کی خواہش پوری نہ ہونے پر میں فیٹف کی ہدایات کے مطابق ضروری قانون سازی کی مخالفت کی اور نیب ترمیمی بل میں منی لانڈرنگ مخالف شقوں، کالے سے سفید ہوئے دھن کی تحقیقات کے لیے ترمیمی قوانین میں نیب کی شمولیت، اتھارٹی اور استعداد کار پر اعتراض اٹھائے۔ حیرانی کی بات ہے کہ اسی نیب نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے آلہ کار فالودے والا، منظور پاپڑ فروش، نثار گل، مسرور احمد کو ڈھونڈ نکالا۔ اب اپوزیشن اپنا آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے اے پی سی بلا رہی ہے۔ آلِ شریف، آلِ زرداری اور بی جمالو  فضل الرحمان حکومتی خزانے کو حلوہ سمجھتے ہوئے اسے اینٹھنے کے چکر میں ہیں، لیکن اپوزیشن کے کرپٹ عناصر کو صرف احتساب کا جلوہ ملے گا۔ بیگم صفدر اعوان کی اے پی سی میں شمولیت ن لیگ کے لئے باعثِ تشویش ہونی چاہیئے کیونکہ اپنے والد، چچا، شوہر، کزن اور پارٹی سیاست سمیت جس معاملے میں بھی بیگم صفدر اعوان نے ہاتھ ڈالا، وہاں صرف ذلت و رسوائی ہی ان کے ہاتھ آئی۔ اے پی سی کا رزلٹ صفر جمع صفر، ضرب صفر منفی صفر ہی ہو گا۔ نواز شریف سزا یافتہ اور عدالتوں سے مفرور مجرم ہیں۔ اگر انہوں نے اے پی سی میں ورچوئل شرکت کے ذریعے ملکی سیاسی صورتحال میں دخل اندازی کرنے کی کوشش کی تو اس کے اثرات خطرناک ہو سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن