• news

موٹروے زیادتی کیس: عابد کے بہنوئی کا بھائی گرفتار، کیس بہت حساس، صرف 2ملزم ملوث، مفرور جلد پکڑ لیں گے: پولیس

لاہور(نامہ نگار)موٹر وے پر خاتون زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابدتاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا جبکہ  پولیس نے بہاولنگر سے گرفتار ملزم عابد کے بہنوئی عارف علی کے بھائی صابر علی کو بھی حراست میں لے لیاگیا ہے۔ذرائع کا کہناہے کہ ملزم عابد اپنے رشتے داروں کے ساتھ کچھ دن پہلے تک رابطے میں رہاہے۔علاوہ ازیں پولیس ٹیموں کے ملزم عابد کی گرفتاری کے لئے نہ صرف پنجاب کے مختلف اضلاع بلکہ دیگر صوبوں میں بھی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم موٹروے  زیادتی کیس میں تاحال پولیس مرکزی ملزم کی گرفتاری میں ناکام ہے۔ اصل ملزم ابھی تک آزاد ہے۔  موٹروے زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا۔ تفتیشی  ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کا بیان ریکارڈ نہ ہونے پر کیس پر اثر پڑ سکتا ہے۔ گرفتار ملزم شفقت کی بھی تاحال شناختی پریڈ نہ ہو سکی۔ سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کے چیئرمین شہزادہ سلطان (ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور) نے میڈیا کے نام جاری پریس ریلیز میں بتایا ہے کہ موٹروے زیادتی کیس میں پنجاب پولیس اپنی کاوشوں سے ایک مرکزی ملزم شفقت کو گرفتار کر چکی ہے جبکہ دوسرے ملزم عابد کی گرفتاری کے لیے پنجاب کے متعدد اضلاع میں پولیس کی ٹیمیں موجود ہیں۔اس وقت 8 چھاپہ مارٹیمیں اس کام پر مامور ہیں۔پنجاب پولیس نے مختلف اضلاع میں ملزم کے تمام ممکنہ ٹھکانوں کے پیش نظر ایک مؤثر اور مربوط جال بچھا رکھا ہے ۔لہٰذا یہ تاثر غلط ہے کہ پولیس کی کاوشیں رنگ نہیں لا رہی ہیں۔ جہاں جہاں ملزم جا رہا ہے۔وہاں وہاں پولیس یا تو اس کے پیچھے ہے یاپہلے سے موجود ہے۔ ملزم اس وقت اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے سر توڑکوشش کر رہا ہے مگر پکڑا جائے گا۔یہ تاثر بھی غلط ہے کہ ملزم کے اور ساتھی بھی اس واردات میں ملوث ہیں۔ابھی تک کی تفتیش میں اس جرم میں صرف دو ملزمان ملوث پائے گئے ہیں۔جن میں ایک گرفتار ہو چکا ہے۔چونکہ یہ کیس بہت حساس نوعیت کا ہے جس میں متاثرہ خاتون کی شناخت کو صیغہ راز میں رکھنا بہت ضروری ہے تاکہ اس کو مزید نفسیاتی،جذباتی اور سماجی دباؤ سے بچایا جاسکے۔میڈیا سے گزارش ہے کہ لوگوں کو باخبر ضرور رکھیں لیکن ایسی خبروں سے اجتناب کریں۔جو تفتیش کو غلط سمت میں لے جا سکتی ہیں۔ عوام اپنی پولیس پر اعتماد رکھیں۔

ای پیپر-دی نیشن