گندا پانی پینے سے مرغا مرنے پر بچے کی بلاول پر تنقید‘ ویڈیو وائرل‘ کرکٹر حفیظ بھی جذباتی
سانگھڑ + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) گندا پانی پینے سے مرغا مرجانے پر سیلاب سے متاثرہ خاندان کا بچہ بے حال ہوگیا۔ بچے نے بلاول بھٹو زرداری سے مدد کی اپیل کردی اور کہا یہاں سے گندا پانی نکلوائیں، یہ پانی پینے سے مرغا مرگیا۔ ہم نے پیا تو ہم بھی مرجائیں گے۔ انٹرنیٹ پر بچے کی فریاد کی ویڈیو نے سب کا دل پگھلا دیا۔ سانگھڑ میں گندا پانی موجود رہنے پر بچے نے بلاول بھٹو اور نیا پاکستان بنانے والوں پر خوب تنقید کی۔ خیال رہے کہ حال ہی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے تاہم اب بھی بعض مقامات پر سیلاب کا پانی موجود ہے۔ دادو میں کیرتھر پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ روزکی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی ہے۔ سیلابی پانی کے باعث کاچھو میں ایک بار پھرراستے بند ہیں جس کی وجہ سے متاثرین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ بلاول کے ساتھ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر موجود کئی وزراء کرونا کا شکار سانگھڑ میں بارشوں کو 12 روز گزرنے کے باوجود بیشترگاؤں زیر آب ہیں۔ متاثرین کو خوراک، ادویات اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ کاشت کی جانے والی سبزیوں کی لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو چکی ہیں۔ آل راؤنڈر محمد حفیظ کو اندرونِ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ بچے کی داستان نے جذباتی کر دیا۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چھوٹا بچہ ہاتھوں میں اپنا مرا ہوا مرغا اٹھائے سندھی میں حکومت کی ناکامی کی دْہائی دے رہا ہے۔ گندے پانی میں کھڑا لڑکا جذباتی انداز میں حکومت پر تنقید کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ ہمیں نیا پاکستان نہیں پرانا واپس کرو، پینے کا صاف پانی دے دو۔ بچہ حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پینے کیلئے صاف پانی دو۔ محمد حفیظ نے کہا کہ ’یہ ایک جذبات سے بھرپور خطاب ہے۔ میں الفاظ سمجھنے سے تو قاصر رہا لیکن احساسات سمجھنے میں کامیاب رہا ہوں۔ محمد حفیظ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام پاکستانیوںکیلئے مساوی مواقع اور سہولیات ہونی چاہئیں۔