مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی‘ بجھانے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر عبدالمالک
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے بلوچستان میں جو آگ لگائی اسے بجھانے کی ضرورت ہے، بلوچستان کے مسائل گولی سے نہیں مذاکرات سے حل ہونگے۔ اپوزیشن پارٹیاں اس حکومت کے خلاف تحریک چلائینگی۔ اے پی سی کے کل ہونے والے اجلاس میں میاں نواز شریف کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت مثبت تبدیلی ثابت ہو گی۔ حافظ آباد میں میر حاصل بزنجو کے تعزیتی ریفر نس اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالماک کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پارٹیاں ہی ملک میں تبدیلی لیکر آئینگی جس طرح ماضی میں ایوب خاں اور ضیاء الحق کے خلاف اپوزیشن پارٹیوں کی تحریک کامیاب ہوئی تھی۔ انکا کہنا تھا کہ اس وقت تمام اپوزیشن پارٹیاں ایک ہیں اور جب تک ہمارے مقاصد پورے نہیں ہوتے اپوزیشن کا اتحاد اسی طرح جاری رہیگا۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کار کردگی بلوچستان میں تو کہیں نظر نہیں آتی، البتہ پنجاب میں اگر کوئی ہے تو میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔