پاکستان کیساتھ جی ایس پی پلس سمجھوتہ تجارت کو فروغ دے رہا ہے:سفیریورپی یونین
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اندرولا کامینارا نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین 2019 میں سٹریٹجک شراکت داری کا جو پانچ سالہ سمجھوتہ ہوا تھا اس کے تحت دونوں ملکوں میں سیکورٹی ،امن، جمہوریت، قانون کی حکمرانی، انسانی حقوق کے احترام اور مائیگریشن سمیت دوسرے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ میڈیا نمائندوں کو ایک بریفنگ دیتے ہوئے یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ پاکستان اپنی پینتیس فیصد برآمدات یورپی یونین کے ملکوں کو برآمد کرتا ہے اور یورپی یونین کی پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری میں حصہ 4.7 فیصد ہے۔ یورپی یونین کی سفیر نے کہا کہ انسانی حقوق کے تحفظ، جمہوریت کے استحکام، اظہار کی آزادی اور مذہبی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ شراکت داروں کیساتھ کام ہو رہا ہے۔ پاکستان کیساتھ تجارت کے شعبہ میں جی ایس پی پلس سمجھوتہ تجارت کو فروغ دے رہا ہے۔ اس سمجھوتے کے ذریعہ انسانی حقوق ،جمہوریت اور اظہار رائے کی آزادی کو مستحکم بنانے کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں۔ سفیر نے بتایا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان انسداد دہشتگردی، ہتھیاروں کے عدم پھیلائو اور عسکری سطح پر بھی تعاون جاری ہے۔ یورپی یونین پاکستان طلبا اور طالبات کو تعلیم کیلئے وظائف فراہم کر رہا ہے۔ 2017 کے بعد اب تک 2700 طلبہ و طالبات کو تعلیمی ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ یورپی یونین نے پاکستان میں 45 لاکھ شہریوں کو غربت سے نکالنے کیلئے مدد دی ہے اور 2 لاکھ پچیس ہزار شہریوں کو فنی تعلیم فراہم کی ہے۔