ترسیلات زر میں اضافے کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں: آئی ایم ایف
اسلام آباد (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے ترسیلات زرمیں اضافہ کیلئے پاکستان کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ حکومتوں کو اس ضمن میں پاکستان جیسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈکی سٹریٹیجی، پالیسی وجائزہ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی یونٹ چیف ڈاکٹر رونالدکان گنی کودراور ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ اکانومسٹ سعدقیوم نے اپنے مشترکہ آرٹیکل میں کہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کوویڈ19 نے سمندرپارمقیم شہریوں کی ترسیلات زرپرانحصارکرنے والے تمام ممالک کومتاثرکیاہے۔ بیرون ممالک نقل مکانی کرنے والے ورکرزمیں سے بہت ساروں کا روزگارمتاثرہواہے، ان میں سے بیشترکومیزبان ممالک میں سماجی تحفظ اورامداد کا حق حاصل نہیں ہوتا کیونکہ ان کے ویزوں کی نوعیت مختصرمدت کیلئے ہوتی ہے۔کئی ممالک نے وبا کے تناظرمیں امیگریشن قوانین سخت کردئیے ہیں جس سے مہمان ورکروں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وبا اورتیل کی قیمتوں میں کمی سے خلیج اورروس سمیت تیل پیداکرنے والے ممالک میں کام کرنے والے ورکروں کی پریشانیوں میں مزیداضافہ ہواہے۔ عالمی بینک نے اپریل میں ترسیلات زرمیں 20 فیصد کی کمی کاخدشہ ظاہرکیاتھا۔