اپوزیشن کسی اور کو نہیں خود کو دھوکہ دے رہی ، عوام کو عمران کی قیادت پر اعتماد : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں اے پی سی پر کسی اور کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ سیاسی بے روزگار ذہن نشین رکھیں کہ عوامی پذیرائی اے پی سی سے نہیں ملتی بلکہ عوام کی خدمت ہی اصل سیاست ہے جو تحریک انصاف کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کو وزیراعظم عمران خان کی جراتمند اور شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی سے کچھ نہیں نکلے گا۔ اپوزیشن اے پی سی سے پہلے ہی تقسیم ہو چکی ہے۔ اے پی سی کے بعد اپوزیشن جماعتوں میں مزید پھوٹ پڑے گی۔ اپوزیشن نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے قومی مفادات کو یکسر فراموش کر دیا ہے۔ قوم کا پیسہ لوٹنے والے اے پی سی کے ناٹک کے ذریعے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ عوام باشعور ہیں اور نا اہل و کرپٹ چہروں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ باشعور عوام کو مسترد شدہ عناصر دھوکہ نہیں دے سکتے۔ وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر جلد کیلئے نقصان دہ جعلی کاسمیٹکس تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب کابینہ نے دی پنجاب ڈرگ ترمیمی بل2020 کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے وسیع تیار مفاد میں دی پنجاب ڈرگ ترمیمی بل کو صوبائی کابینہ نے منظور کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں اوریجنل برانڈ کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔ دکانوں پر جعلی اور غیرمعیاری کاسمیٹکس مصنوعات کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔ دریں اثناء عالمی یوم امن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور پاکستانی امن پسند قوم ہے۔پاکستان او راس کے عوام امن کی اہمیت اور ضرورت سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پاکستانی قوم سے زیادہ کسی اور نے امن کیلئے قربانیاں نہیں دیں۔ علاقائی اور بین الاقوامی امن کی کوششوں میں پاکستان ہراول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستان کا آگ سے امن تک کا سفر شہداء کی قیمتی قربانیوں کا مرہون منت ہے۔ شہداء امن کے پیامبر ہیں جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن جنگوں کے خاتمے اور امن کیساتھ رہنے کے عزم کا اعادہ کرناہے۔ عالمی یوم امن کو منانے کا مقصد لوگوں میں امن کی ضرورت اور اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سینئر رپورٹر لیاقت انصاری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ کی والدہ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ عثمان بزدار نے گوجرہ کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔