نواز شریف کی تقریر نے پارٹی ارکان کو حیران کردیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی تقریر نے پارٹی ممبروں کو حیران کر دیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تقریر کے مندرجات پر مشاورت نہیں کی گئی تھی۔ یہ تقریر لندن سے کی گئی جس کا مریم نواز دو روز سے ٹویٹر پر بہت چرچا کر رہی تھیں۔ پارٹی ممبروں نے قیاس آرائی کی ہے کہ یہ ایک سخت گیر خطاب تھا جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ تقریر نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کی سوچ سے مطابقت نہیں رکھتی۔ تقریر آئندہ الیکشن سے 3 برس پہلے کی گئی ہے اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آثار نہ مسلم لیگ ن کے ہیں نہ ہی اے پی سی میں شریک کسی اور جماعت کے۔ حکومتی وزراء نے تقریر سے بے اعتنائی ظاہر کی ہے بلکہ کچھ نے اسے اہمیت ہی نہیں دی۔ پارٹی میں اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اگر تقریر کو دیکھا جائے تو کیا پارٹی میں اب بھی مکمل اتحاد ہے۔