موٹر وے کیس: عابد کا سوتیلا بیٹا اور برادر نسبتی گرفتار، شفقت کا جوڈیشل ریمانڈ
لاہور، ننکانہ صاحب (نمائندہ خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے+ نامہ نگار) گجر پورہ موٹر وے گینگ ریپ کے مرکزی ملزم عابد علی ملہی کی گرفتاری کے لیے پولیس نے ملزم کے سالے اور سوتیلے بیٹے کو حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے دونوں کو عابد علی کی سالی کشور بی بی کے گھر سے عابد علی کے سوتیلے بیٹے بلال اور اسکی نشان دہی پر عابد علی کے برادر نسبتی اظہر علی کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ کشور بی بی کا مئوقف ہے کہ عابد علی کی گرفتاری کے لیے پولیس کی مدد کے لیے ہم تعاون کر رہے ہیں۔ لیکن پھر بھی پولیس ہمیں ہی پریشان کر رہی ہے۔ پولیس کو شک ہے کہ ملزم عابد علی کا ان سے رابطہ ہے۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے سانحہ کے گرفتار ملزم شفقت کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے تاہم پولیس ملزم شفقت کی تاحال شناخت پریڈ نہیں کروا سکی اور نہ ہی پولیس سانحہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی کو بارہ روز گزر جانے کے باوجود گرفتار کر سکی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس سانحہ کی تفتیش کرنے والی پولیس ٹیم نے ملزم عابد ملہی کی تلاش کیلئے بہاولنگر کو فوکس کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس کی تفتیشی ٹیم اب تک متاثرہ خاندان کا 164 کا بیان بھی دوبارہ ریکارڈ نہیں کروا سکی۔ پولیس نے ملزم عابد کے 13 قریبی رشتے داروں کو اب تک حراست میں لے رکھا ہے۔ جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عابد ملہی کے پاس سفر کیلئے صرف 35 ہزار روپے موجود ہیں جو ختم ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم تاحال قانون کی گرفت سے باہر، آئی جی نے ملزم عابد کی گرفتاری کے لئے تمام اضلاع کو مراسلہ بھجوا دیا۔ ملزم کے حوالے سے آگاہی ویڈیو بھی جاری کر دی گئی۔ مراسلہ میں پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ملزم ممکنہ طور پر درباروں، امام بارگاہوں میں چھپا ہو سکتا ہے۔ ملزم کو عرس، سرکس، شیلٹرز ہومز میں بھی تلاش کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچزخفیہ مقامات پر نظر رکھیں۔