• news

اقوام متحدہ ، عالمی ادارے کشمیریوں پر مظالم بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں: او آئی سی

نیو یارک (کے پی آئی) بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ نے اقوام متحدہ  سے کہا ہے کہ وہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ نیویارک میں اوآئی سی رابطہ گروپ کے ارکان کا اجلاس ہوا۔ پاکستان، سعودی عرب اور آذر بائیجان کے نمائندوں نے شرکت کی۔ نیویارک میں او آئی سی رابطہ گروپ کا اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی درخواست پر ہوا۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا پیغام پہنچایا۔ رابطہ گروپ نے کہا کہ بھارت پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ان قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے دباو ڈالا جائے جن میں استصواب رائے کرانے کو کہا گیا ہے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنا حق خودارادیت استعمال کرسکیں۔  رابطہ گروپ نے بھارت کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ظاہر کی۔ ارکان نے جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارت پر دبائو ڈالیں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کو عملی جامہ پہنایا جائے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خصوصی پیغام پہنچاتے ہوئے اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نئے سکونتی قوانین کے ذریعے منظم انداز میں کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کررہی ہے۔ 16 لاکھ سکونتی سرٹیفکیٹس جاری کرنے کا مقصد مقبوضہ علاقے کی مسلمان اکثریت کو ہندو اکثریت میں تبدیل کرنا ہے۔ اردو کی حیثیت بھی تبدیل کی جا رہی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت نے  کشمیر میں مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے خصوصی پیغام میں زوردیا کہ بھارت کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ غیر انسانی فوجی محاصرہ ختم کرے، مواصلاتی نقل و حرکت اور پرامن اجتماعات پر پابندیاں اٹھائے، اسیر سیاسی رہنماؤں کو رہا کرے اور نئے سکونتی قوانین واپس لے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نئی جارحیت کا جواز پیش کر کے فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ بھارتی اقدامات سے علاقائی امن وسلامتی کو شدید خطرہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن