امن کا عالمی دن منایا گیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کا عالمی دن21 ستمبر کو منایا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد پوری دنیا کے لوگوں میں امن کی اہمیت اور جنگوں کی بربادی اور نقصان کے بارے میں آگاہی دینا، برداشت، ہم آہنگی، انسانیت کا احترام جیسی روایات کو پروان چڑھانے اور نوجوان نسل میں اس حوالے سے شعوراجاگر کرنا ہے۔ یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے 2001 میں 21 ستمبر کوعالمی یوم امن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا اوراس فیصلہ کی روشنی میں پہلا عالمی یوم امن 21 ستمبر 2002 کو منایا گیا تھا۔یہ دن عدم تشدد اور جنگ بندی کے طور پر منایا جا تا ہے۔بین الاقوامی امن کے دن کے موقع پر دنیا بھر میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے اور امن کی کوششوں کو اجاگر کرنے کے لئے تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے۔ سرکاری اور نجی سطح پر تقریبات کے ذریعے امن کی کوششوں کو تیز کرنے کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے تاکہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکے۔ ان اقدامات میں بین المذاہب اور بین العقائد ہم آہنگی کو فروغ دینا، امن اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنا اور معاشروں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے اقدامات تجویز کئے جاتے ہیں۔