اظہرعلی کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں:پی سی بی
لاہور (سپور ٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو قیادت سے ہٹانے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔ پی سی بی حکام نے تصدیق کی ہے کہ اظہر علی کو قیادت سے ہٹائے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ ملاقات کے دوران اس امر کا اظہار بھی کیا کہ اظہر علی طویل عرصے تک ٹیم کی قیادت کریں۔ واضح رہے کہ چند روز قبل یہ خبریں منظرعام پر آئی تھیں کہ وزیراعظم عمران خان اظہر علی کی کپتانی کے انداز سے ناخوش ہیں اور ان سے قیادت واپس لینے کا بات بھی کی تاہم پی سی بی نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ اظہر علی کو گزشتہ سال اکتوبر میں سابق کپتان سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے ہاتھوں سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا البتہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حاصل ہوئی۔