بلدیہ فیکٹری کیس فیصلے پر سعید غنی اور فیصل سبزواری الجھ پڑے
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے فیصل سبزواری سوشل میڈیا پر ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے ٹوئٹر پر ترجمان ایم کیو ایم کا بیان پوسٹ کیا کہ 'سانحہ بلدیہ کیس میں رکن رابطہ کمیٹی رؤف صدیقی کی بریت ثابت کرتی ہے کہ اس کیس سے ایم کیوایم پاکستان کا کوئی تعلق نہیں'۔ اس پر سعید غنی نے سوال کیا کہ 'یہ بھی بتا دیں حماد صدیقی کون ہیں، بھولا اور چریا کون ہیں رؤف صدیقی کا نام آگ لگانے اور لگوانے والوں میں تو تھا ہی نہیں'۔ سعید غنی کو جواب دیتے ہوئے فیصل سبزواری نے اعتراف کیا کہ 'یہ تینوں سانحے کے وقت ایم کیو ایم سے وابستہ تھے۔ ویسے آپ کی حکومت نے اس سانحے کی تین کے قریب جے آئی ٹی کیوں بنائیں؟ اور پہلی 2 جے آئی ٹی کیا کہہ رہی تھیں؟۔ وہ غلط تھیں تو ان افسران کے ساتھ کے ساتھ حکومت نے کیا کیا؟ اور ہاں عزیر بلوچ، ظفر بلوچ وغیرہ صدر اور وزیر اعلیٰ کو جانتے بھی نہیں'۔