• news

احتساب عدالت: زرداری کی 3 ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواستیں مسترد‘ فرد جرم عائد کرنے کا حکم 

اسلام آباد (نا مہ نگار/ وقائع نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف زرداری کی 3ضمنی ریفرنسز خارج کر کے بری کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ بدھ کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے ضمنی ریفرنسز میں محفوظ شدہ فیصلہ سنایا ۔ سابق صدر کی جانب سے پارک لین، منی لانڈرنگ اور ٹھٹھہ واٹرسپلائی  (ہریش اینڈ کمپنی)کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے فیصلے میں حکم دیا کہ سابق صدر زرداری کے خلاف تینوں کرپشن ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جائے، انہیں جعلی اکائونٹس ریفرنسز میں بری نہیں کیا جا سکتا۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس کے تحت ضمنی دائر نہیں کیا جا سکتا لہذا ان تینوں ریفرنسز کو خارج کیا جائے۔ احتساب عدالت نے  زرداری سمیت تمام  ملزموں کو 28ستمبر کو طلب کرلیا ۔ یاد رہے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں آصف زرداری سمیت شریک ملزمان کے خلاف فرد جرم 9ستمبر کو مئوخر کی گئی تھی۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ  کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق صدر آصف علی زرداری کی آٹھ ارب کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں درخواست ضمانت میں  استثنی کی درخواست منطورکرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع کردی اور کیس  کی موجودہ پوزیشن سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔ گذشتہ روز سماعت  زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت پیش ہوئے اور بتایاکہ میں سپریم کورٹ تھا تو پتہ چلا یہ کیس فکس ہو گیا ہے، عدالت نے کہاکہ اچھا ہوگیا کہ آپ آئے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آصف زرداری کی کچھ کیسز میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور ہوئی، کیا یہ اس سے الگ کیس ہے؟۔ جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ یہ الگ نیب انکوائری کا معاملہ ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت خرابی صحت کے باعث طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور اور حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرے، عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے آصف زرداری کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے نیب سے آئندہ سماعت پر تفصیلات طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت15 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن