• news

کرونا: مزید 4اموات، 2سکول سیل ، 15بچے پازیٹو

اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ننکانہ، بھلوال (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں عالمی وبا کے تقریباً 96 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کچھ مقامات پر کیسز میں کچھ حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 826 ہے جس میں سے 2 لاکھ 93 ہزار 916 صحتیاب ہوئے ہیں۔ جبکہ 6 ہزار 434 کا انتقال ہوا ہے۔ 23 ستمبر تک ملک میں 746 مریضوں اور 4 اموات کا اضافہ ہوا، بلوچستان کے 108 اور خیبرپختونخوا کے 31 کیسز بھی  دوسرے دن رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد بلوچستان میں کیسز16 ہزار 607 جبکہ خیبرپختونخوا میں 37 ہزار 418 ہوگئے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا صوبے میں کرونا کے 408 نئے کیسز اور 2 اموات سامنے آئیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 845 جبکہ اموات 2471 ہوگئی ہیں۔ صوبے پنجاب میں کرونا وائرس کے مزید 115 مریضوں کی تصدیق، مجموعی کیسز 98 ہزار 602 تک پہنچ گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 39 نئے مریض سامنے آگئے۔ کیسز 16 ہزار 246 ہوگئے۔ گلگت بلتستان میں مزید 29 مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔ مجموعی کیسز3 ہزار 542 ہوگئے۔ اموات 83 تک پہنچ گئی۔ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے 16 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔ کیسز 2 ہزار 566 تک پہنچ گئے۔ اموات کی مجموعی تعداد 70 ہوگئی۔ پاکستان میں24 گھنٹوں میں مزید 757 مریض شفا پاگئے۔ تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 916 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔ فعال کیسز 7476 ہو گئے۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار  کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی) احسن فرید نے مزید دو بچوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوجانے کے بعد گورنمنٹ ہائی سکول بچیکی کو غیر معینہ مدت تک لے لئے سیل کردیا۔ ابتک ضلع بھر میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے طلباء و طالبات کی تعداد 9 ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ضلع بھر کے سکولوں میں مجموعی طور پر کل 9بچے کرونا وائرس کا شکا ر ہوئے ہیں جن میں دو گورنمنٹ ہائی سکول شاہکوٹ، 5بچے پاک گیریژن پبلک ہائی سکول ننکانہ سٹی جبکہ 2بچے گورنمنٹ ہائی سکول بچیکی کے شامل ہیں۔ سی ای او تعلیم احسن فرید نے کہا کہ ضلع بھر کی عوام الناس کو کرونا وائرس سے بچانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی ڈی ای او  سرگودھا نے چک 3 جنوبی میں سکول پر چھاپہ مار کر نرسری تا پنجم کلاسیں پڑھانے پر پرائیویٹ سکول کو سیل کر دیا۔ جس پر ڈپٹی ڈی ای او نے اپنے عملہ کے ہمراہ سکول پر چھاپہ مارا تو کلاسز پڑھائی جا رہی تھیں جس پر انہوں نے بچوں کو چھٹی کروا دی اور سکول سیل کر دیا‘ اور مزید قانونی کارروائی کیلئے محکمہ کو رپورٹ بھجوا دی ہے۔ گوجرانوالہ ضلع کے سرکاری اور نجی سکولوں میں رینڈم سیمپلنگ کے تحت مزید تین سکولوں میں 15 طلبہ کے کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے۔ سکولوں کو ڈس انفیکشن کی ہدایات دے دی گئیں۔ ذرائع کے مطابق سکول کھلنے کے نویں روز بھی طلبہ کے کرونا ٹیسٹ جاری رہے۔ مخصوص طلبہ کی رینڈم سیمپلنگ کے تحت مزید تین سکولوں  کے 15 طلبہ میں کرونا کی تشخیص سامنے آ گئی۔ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول جی ٹی روڈ میں8 , گورنمنٹ گرلز ھائی سکول سانسرہ گورائیہ میں 3 اور گورنمنٹ گرلز ھائی سکول مرالی والہ میں4 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس طرح گوجرانوالہ میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد46 ہو گئی۔ محکمہ تعلیم کے مطابق مزید 120 طلبہ کے ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔ دوسری طرف سعودی حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے بھارت کیلئے اپنی تمام پروازوں پر پابندی لگا دی ہے اور پروازیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق بھارت اب تک کرونا پر قابو نہیں پا سکا اور ہم اپنے شہریوں  کی زندگیاں داؤ پر نہیں لگا سکتے اس وجہ سے سعودی حکومت نے بھارت کے علاوہ برازیل اور ارجنٹائن کیلئے بھی سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ تاہم پاکستان کرونا وباء پر قابو پانے کی وجہ سے سفری پابندیوں سے آزاد رہیگا۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں ہلاکتیں 9 لاکھ 75ہزار471 ہو گئیں اور متاثرین کی تعداد 3کروڑ 17لاکھ 77ہزار987متاثر ہو گئی۔ دنیا میں کرونا سے متاثر2 کروڑ 34لاکھ 94 ہزار 845 افراد صحتیاب ہوئے اور فعال کیسز کی تعداد 74 لاکھ 7ہزار 671 رہ گئی۔ امریکہ  میں  2 لاکھ 5ہزار 471 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور70 لاکھ97 ہزارسے زائد افراد میں  وائرس کی تشخیص ہوئی۔ بھارت میں کرونا کیسز کی مجموعی تعداد 56 لاکھ 40 ہزار سے بڑھ گئی۔ اموات کی مجموعی تعداد 90 ہزار 21 ہوگئی۔ برازیل میں 45 لاکھ 95 ہزار افراد متاثر ہوئے اور ایک لاکھ 38 ہزار 159 اموات ہوئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن