کچھ ممالک کو فیٹف میں ڈال کر انتقام لیا گیا: رحمان ملک
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چئیرمین سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ نائن الیون کے بعد کچھ ممالک کو فیٹف میں ڈال کر انتقام لیا گیا۔ مودی دنیا کا واحد وزیراعظم ہے جو دھشتگرد تنظیم آر ایس ایس کا ممبر ہے۔ داعش کے دہشتگرد پاکستان کے مختلف حصوں میں پھیل چکے ہیں۔ اقوام متحدہ فوری طور پر بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر میں امن مشن بھیج کر حق خودارادیت کیلئے رائے شماری کرائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لائبریری میں منعقدہ امن کانفرنس سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امن کانفرنس دنیا بھر میں بیگناہ انسانوں کے قتل اور عالمی برادری کی خاموشی کے موضوع پر منعقد کی گئی تھی۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا آج دنیا میں مختلف جگہوں پر مظالم ہو رہے ہیں۔ ظلم جہاں بھی اور جس شکل میںبھی ہو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا سب کو معلوم ہے کہ طالبان، القاعدہ کو کس نے بنایا جنہوں نے طالبان و القاعدہ کو بنایا انہی لوگوں نے داعش کو بھی بنایا۔