• news

اقوام متحدہ میں اہل کشمیر کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر صدر اردگان کا شکریہ : عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں ایک مرتبہ پھر اہلِ کشمیر کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے پر ترک صدر رجب طیب اردگان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ کشمیر کے عوام کیلئے عالمی فورم پر آواز اٹھانے پر ترک صدر کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی غیر متزلزل حمایت حقِ خودارادیت کی جائز و منصفانہ جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے لئے ہمت و حوصلے کا ایک ذریعہ ہے۔ وفاقی اداروں کے شکایت سیل کو پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ون ونڈو کمپلینٹ سسٹم کی منظوری دیدی ۔ بدھ کو وزیر اعظم آفس نے وفاقی وزارتوں کو مراسلہ جاری کر دیا جس کے مطابق وزیراعظم نے تمام کمپلینٹ سیلز کا ایک مرکزی نظام بنانے کی ہدایت دی ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق ابتدائی طور پر وفاقی وزارتوں کے 33 شکایات سیل منسلک کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے مختلف شکایتی سیلز کے ون ونڈو آپریشن پر 60 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم کے اس اقدام سے شکایات درج کروانے کا نظام مستحکم ہوگا۔ مختلف وفاقی اداروں میں کمپلینٹ سیلز کام کررہے ہیں۔ شکایات کے حوالے سے ایک باہمی اور مربوط روابط پر مشتمل یونیورسل نظام کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق یہ نظام عوام کی مشکلات اور شکایات کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ شہریوں کی ہر قسم کی شکایات میرٹ  پر حل کی جائیں گی۔ وزیر اعظم آفس کے مطابق ون ونڈو آپریشن کے ذریعے شہریوں کو ان کی شکایات کے حل سے متعلق آگاہی میسر ہو گی۔ وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام موثر ثابت ہو گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت زرعی شعبے میں اصلاحات خصوصاً زرعی پیداوار میں اضافے اور فوڈ سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔  وزیراعظم ایگریکلچر ایمرجنسی پروگرام پر پیش رفت اور مختلف اجناس کی پیداوار بڑھانے اور زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ‘ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانااولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری، پیداوار میں اضافے اور شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے مرتب کیے جانے والے میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی  ایکشن پلان پیش کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ محکموں کی معاونت سے وزارت فوڈ سکیورٹی میں نیشنل فوڈ سکیورٹی ڈیش بورڈ فعال کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ تمام سٹیک ہولڈرز بشمول ریسرچ اداروں، یونیورسٹیوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان کوارڈینیشن کو مزید مستحکم اور اس حوالے سے مربوط نظام تشکیل دیا جائے۔  زرعی اجناس کی پراسیسنگ کے حوالے سے خصوصی اقتصادی زونز پر خاص توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے دوست ملک چین کے تجربے سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین کی مہارت اور تعاون کا بھرپور استعمال یقینی بنایا جائے۔ ایگروایکولوجیکل زونز کو ازسر نو مرتب کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ زیتون، دالوں وغیرہ  جیسی اجناس جن کی ضروریات درآمد کے ذریعے پوری کی جاتی ہیں کسانوں کو ایسی اجناس کی طرف راغب کیا جائے اور اس ضمن میں ان کو تمام مطلوبہ معاونت فراہم کی جائے۔وزیراعظم عمران خان سے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے ملکی اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے ہیں۔ بدھ کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ملکی اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کے لئے "اکنامک آؤٹ ریچ اپیکس کمیٹی" کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اقتصادی سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف کو فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔ متعلقہ وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں اور دیگر اداروں کے مابین کوارڈینیشن اور اہداف کے حصول کے لئے ’’اکنامک آؤٹ ریچ کوارڈینیشن گروپ‘‘ کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرون ممالک میں تعینات پاکستانی سفارت خانے اقتصادی سفارتکاری کے فروغ پر بھرپور توجہ دیں۔ وزیرِ اعظم نے چئیرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکنہ سہولت کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن