کنٹرول لائن: بھارتی فائرنگ، 2جوان شہید: جوابی کاروائی، دشمن کی ،چوکیاں تباہ، جانی و مالی نقصان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) لائن آف کنٹرول کے دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے دو جوان جام شہادت نوش کر گئے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے دشمن کی چوکیاں تباہ کر دیں اور اسے بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کے دیوا سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 29 سالہ سپاہی نور الحسن اور 25 سالہ وسیم علی نے جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیتے ہوئے دشمن کی ان چیک پوسٹوں کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں تباہ کر دیا جہاں سے فائر آ رہا تھا۔ بیان کے مطابق 2020ء میں قابض بھارتی فوج کی جانب سے اب تک 2333 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔