آئی جی پنجاب کا پولیس آفیسرزمیس‘پولیس کلب کا دورہ ‘ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ پولیس آفیسرز میس اور پولیس کلب میں جاری ترقیاتی کاموں کو کوالٹی سٹینڈرڈ کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ افسر واہلکاروں کیلئے تعمیری سرگرمیوں کے پروگرامز باقاعدگی سے ہوتے رہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئراینڈ فنانس اپنی نگرانی میں زیر تکمیل پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کرائیں اور کام کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے انسپکشن اور مانیٹرنگ بھی کرتے رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روزشاہراہ ایوان تجارت پر پولیس آفیسرز میس اور پولیس کلب میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس اظہر حمید کھوکھراور اے آئی جی ڈویلپمنٹ رانا طاہر رحمان خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس اظہر حمید کھوکھرنے تزئین و آرائش کے حوالے سے جاری کاموں کے متعلق آئی جی پنجاب کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس آفیسرز میس پراجیکٹ فورس کی ویلفیئر سرگرمیوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں معاون ثابت ہوگا۔