سستی بجلی کیلئے پن منصوبوں پر کام جاری ہے: ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن
اسلام آباد(اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ، ملک میں سستی بجلی پیداکرنے کے لئے پن بجلی کے منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں توانائی سے متعلق تین منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ 34.5 میگاواٹ ایچ پی پی ہارپو (پی سی 1) کے ساتھ وادی ہارپو کی معاشرتی ترقی اور WPO GB کو مستحکم بنانے کے لیے 255 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا۔ مجوزہ منصوبے کا مقصد سکردو میں ہائیڈرو الیکٹرک ورکشاپ کے لئے مشینری اور آلات کی خریداری ، وادی ہارپو میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے مختلف کام، سی کلاس ڈسپنسری اور گرلز مڈل سکول کی اپ گریڈیشن شامل ہے۔ منصوبہ کو اجلاس میں منظور کر لیا گیا۔اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلق دوسرا منصوبہ 20 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہنزل گلگت کا 12109.594 ملین روپے کی لاگت کا پیش کیا گیا جس نے منصوبے کی دوبارہ ٹینڈرنگ کی توسیع کروانے کی منظوری دی۔ اس منصوبے کا بنیادی مقصد دریائے گلگت کے ساتھ ہنزیل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ (10 میگاواٹ) کی تعمیر کرنا ہے ، جو گلگت کے ضلع دریاوی شہر اور آس پاس کے علاقوں میں توانائی منتقل کرنے کے لئے 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بجلی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔