انسداد پولیو مہم جاری، 4 کروڑ بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی کامیابی سے جاری رہی۔ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوائیں جائیں گے۔ فروری 2020 کے بعد یہ پہلی قومی انسداد پولیو مہم ہوگی جس میں ملک بھر کے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں جائیں گے۔ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے چند ماہ کیلئے پولیو مہم کو ملتوی کردیا گیا تھا۔ بیان کے مطابق افریقہ کے پولیو سے پاک ہونے کے بعد صرف پاکستان اور افغانستان دنیا میں 2 ممالک رہ گئے ہیں جہاں پر پولیو کیسز کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ افریقہ کے پولیو سے پاک ہونے کے بعد پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کیلئے زیادہ تندہی اور جدوجہد سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے بہتر سے بہتر پولیو مہم چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔