• news

شہباز شریف ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینا چاہتے ہیں: فیاض چوہان

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی پریس کانفرنس کو ممکنہ گرفتاری سے پہلے ایک بجھتے چراغ کی آخری ٹمٹماہٹ کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پریس کانفرنس کے ذریعے قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ، جعلی ٹی ٹی اور کرپشن کیسز میں اپنی متوقع گرفتاری کو سیاسی رنگ میں رنگنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ شہباز شریف کی گرفتاری وزیرِاعظم عمران خان کی ذاتی خواہش یا سیاسی انتقام نہیں بلکہ خود ان کی وزارتِ اعلیٰ کے دورکی لازوال، تابناک اور بے مثال کرپشن کے باعث عدالتوں اور احتسابی اداروں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 ارب منافع دینے والا صوبہ پنجاب شہباز شریف نے دس سال میں 1250 ارب کا مقروض کر دیا۔ پاکستان کا خزانہ لوٹنے، منی لانڈرنگ،  اقربا پروری کے بعد شہباز شریف کا گندم، آٹے اور چینی پر واویلا نو سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی کی عمدہ مثال ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ لیگی رہنما رات کے اندھیرے میں آرمی چیف اور خفیہ ایجنسی کے سربراہان سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور دن کی روشنی میں یہی منافق رہنما قومی سلامتی کی اداروں کو ہدف تنقید بناتے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن