امریکی ایوان نمائندگان نے حکومتی اخراجات کی مد میں توسیع کیلئے بجٹ بل منظور کرایا
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی ایوان نمائندگان نے وائٹ ہائوس اور ریپبلیکنز اراکین کے ساتھ معاہدے کے بعد حکومتی اخراجات کی مدت میں 11 دسمبر تک توسیع کے لیے بجٹ بل منظورکر لیا، جس کے بعد یہ بل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور سینیٹ کو منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔ اس بل کے تحت تمام حکومتی اخراجات جن میں سیلاب زدگان، کورونا وائرس کی وبا اور جنگلات میں لگنے والی آگ سے متاثرہ افراد کی امداد شامل ہے11 دسمبر تک بلاتعطل جاری رہیں گے۔ اس حوالے سے ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی فنڈنگ مقررہ شیڈول کے مطابق 30 ستمبر کو ختم ہونی ہے لیکن کورونا وائرس کے باعث امریکی عوام کی مالی اور صحت کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریلیف پیکج کے لیے حکومتی اخراجات جاری رکھنے ضروری ہیں اس لیے حکومتی اخراجات 11 دسمبر تک بلاتعطل جاری رکھنے کے لیے وزیر خزانہ سٹیون منوچن کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے تحت سکول کے بچوں اور خاندانوں کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 8 بلین ڈالر خرچ کیے جائیں گے جبکہ کورونا وائرس کے دوران کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کے پروگرام کے تحت بچوں کو مفت یا کم قیمت پر کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کی جائے گی۔