شجاعت‘ پرویز الٰہی اور مونس سے چیئرمین سینٹ کی ملاقات
لاہور(خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بائو محمد رضوان، شافع حسین، سینیٹر مرزا محمد خان آفریدی اور عبدالقادر بھی موجود تھے۔ چیئرمین صادق سنجرانی نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کو بطور اتحادی اپنا کردار ادا کرنے پر سراہا۔ انہوں نے پنجاب اسمبلی کی کارکردگی کے حوالے سے چودھری پرویزالٰہی کو چاروں صوبائی اسمبلیوں میں سب سے زیادہ قانون سازی مکمل کرنے اور بطور اتحادی حکومت کے دو سال مکمل ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سینیٹ میں قانون سازی کا مرحلہ بڑے احسن طریقے سے چلا رہے ہیں، تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا جمہوریت کی اعلیٰ مثال ہے۔