• news

حکومت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلا کر نیب کو استعمال کر رہی ہے: بلاول  

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نیب کے ذریعے جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے سے باز رہے۔ نیب کی جانب سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو نوٹس بھیجے جانے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے بوکھلا کر نیب کو استعمال کر رہی ہے۔ اے پی سی کے بعد سیاسی رہنماؤں کو نیب کے نوٹس بھیجنے سے حکومتی عزائم  کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ حکومت کچھ بھی کر لے اب عوامی مزاحمت کو نہیں دبا سکتی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نیب کے ذریعے اپوزیشن کے سیاستدانوں کو دباؤ میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت نیب کے ذریعے جے یو آئی سربراہ کے خلاف اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے فی الفور باز آ  جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو نیب نوٹس بھیجنے کی مذمت کی ہے۔ بلاول نے کہا ہے کہ عمران خان نیب کے ذریعے اپوزیشن کو دباؤ میں لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن