سیٹزن پورٹل ہیلپ لائن کے ذریعے حکومت اور عوام کا فاصلہ ختم ہو گیا: شبلی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کے ذریعے حکومت، ریاست اور عوام کا فاصلہ ختم ہوگیا ہے۔ پاکستان سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ حکومت، ریاست اور عوام کے درمیان فاصلہ ختم ہو گیا، اب گھر بیٹھ کر عوام کی شکایات حل ہوسکیں گی، جو شکایات دور نہیں ہوئیں وہ بھی وزیراعظم تک پہنچتی ہیں، شبلی فراز وزیراعظم شکایات پرمتعلقہ محکموں سے جواب طلبی کرتے ہیں۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ سٹیزن پورٹل ہیلپ لائن کا مقصد شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہے۔ سٹیزن پورٹل سے عوام کو اداروں تک براہ راست رسائی دی گئی ہے۔ 5 لاکھ 86 ہزار افراد سے شکایات کے ازالے سے متعلق رائے لی گئی۔ 25 لاکھ شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 23 لاکھ شکایات کاازالہ کیا گیا۔