کراچی کے حقوق کیلئے متحدہ کی ریلی ، شہر قائد کو الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ
کراچی (نیوز رپورٹر) ایم کیو ایم کے تحت کراچی ریلی کریم آباد سے نکالی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کی ریلی کا مقصد کراچی کے حقوق اور تعمیر نو پر توجہ دلانا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی کریم آباد سے مزار قائد تک نکالی۔ ریلی میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنہوں نے ایم کیو ایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ بینرز پر نعرے درج تھے۔ کراچی کو بااختیار بناؤ‘ کراچی کا حق لیکر رہیں گے۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی کو علیحدہ صوبہ بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت برسوں سے کراچی کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔ کراچی کو اس کے حقوق دلانے کیلئے علیحدہ صوبہ بنایا جائے۔ وفاق سے ملنے والا پیسہ کراچی پر خرچ نہیں کیا جا رہا۔خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہری سندھ صوبے کا قیام کراچی کے مسائل کا حل ہے۔ عامر خان نے کہا کہ جنہیں ایم کیو ایم کا شیرازہ بکھرنے کی غلط فہمی تھی وہ شرمندہ ہیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ تمام مطالبوں کا حل صرف ایک مطالبہ ہے اور وہ ہے شہری سندھ صوبہ یا جنوبی سندھ صوبہ‘ صوبہ تو بنے گا‘ نام تم رکھ لو‘ جغرافیہ ہم طے کر لیں گے۔