• news

’’مردہ باد انڈیا‘‘ کا نعرہ لگانے والے معروف وکیل سمیت 2کشمیری شہید ، مظاہرے

سرینگر (آن لائن+نوائے وقت رپورٹ)  بھارت کے غیرقانونی  زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید ایک کشمیری نوجوان  اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے والے  ممتاز وکیل  بابر قادری کو شہید کردیا۔ بابر قادری نے  بھارتی ٹی و ی کے ایک پروگرام میں انڈیا مردہ باد کا نعرہ لگایا تھا، وہ بی جے پی کی پالیسیوں کے سخت ناقد تھے حریت رہنما عبدالحمید نے تصدیق کرتے کہا بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے قانون دان کو شیہد کیا ،وہ بھارتی جیلوں میں قید مظلوم کشمیریوں کی رہائی کے لئے قانون جنگ لڑ رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جبکہ سرچ آپریشن کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ضلع بڈگام، گاندربل، کپواڑا، بارہ مولہ، باندی پورہ، اننت ناگ، شوپیاں، کلگام، کشتواڑ، راجوڑی، پونچھ اور  سمیر سمیت دیگر اضلاع میں بھی قابض افواج کی جانب سے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ جبکہ  دو الگ الگ حملوں میں ایک بھارتی فوجی اور بلاک ترقیاتی کونسل (بی ڈی سی) چیئرمین کھاگ بھوپندر سنگھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ کشمیریوں نے بھارتی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا اور ناجائز قبضے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ سرچ آپریشن دوسرے اضلاع میں بھی جاری ہے جبکہ وادی بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس تاحال معطل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن