• news

اعلیٰ تعلیم کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا خواب پورا کرینگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ  عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت نچلی سطح پر ترقیاتی سکیموں پرکام شروع کرنے پر بھی غورکیا گیا۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت فنڈز استعمال کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے فنڈز کے شفاف اور منصفانہ تقسیم و استعمال کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹس کیلئے فنڈز کا درست استعمال یقینی بنایا جائے۔ ان فنڈز کے استعمال سے نچلی سطح پر ترقی کا سفرمزید تیز ہوگا۔ اگلے ماہ گرین اینڈ کلین پنجاب پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے شہر میں سٹریٹ لائٹس کی بندش اوردیگر مسائل پر لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حکام کی سرزنش کی اورکارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ فرائض سے غفلت برتنے پر لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے چیف میونسپل آفیسر علی بخاری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے میٹروبس سروس کے بعض سٹیشنز پر لائٹس بند ہونے کاسخت نوٹس لیا ہے۔ ہر ماہ باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ اچھے کام پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔ عثمان بزدار سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور پنجاب میں سی پیک پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں شعبہ زراعت کی پائیدار ترقی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا اوراس امر پر اتفاق کیا گیا کہ زرعی شعبے کے فروغ کیلئے ریسرچ پر مزید فوکس کیا جائے گا۔ ملاقات میں فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے نئے بیج متعارف کرانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔  عثمان بزدار سے  صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اوررکن پنجاب اسمبلی سردار آفتاب خان نے  بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کرنے کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ اعلی تعلیم کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے خواب کو پورا کریں گے۔ عثمان بزدار کے نوٹس پر قصور پولیس نے  چونیاں میں 5 افراد کے قتل میں ملوث دو ملزموں  اکرم اور سفیان کوگرفتارکرلیا ہے۔  عثمان بزدار نے چنیوٹ کے علاقے رجوعہ میں لڑکی سے زیادتی کے واقعہ‘ مظفر گڑھ کے تھانہ شہر سطان کی حدود میں ملزم کے ہاتھ کاٹنے کے واقعہ کی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا وزیراعلیٰ نے ترقیاتی فنڈز کو بروقت استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن