سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ: بجلی 1.62 روپے یونٹ مہنگی‘ نیپرا نے منظوری دیدی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 62 پیسے یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔ حکومت سے منظوری پر صارفین پر 164 ارب 87 کروڑ روپے کا بوجھ پڑیگا۔ نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی گزشتہ مالی سال کی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا۔ گزشتہ مالی سال کی دوسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 73 ارب 6 کروڑ روپے کا بوجھ صارفین پر پڑیگا۔ گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے تحت 91 ارب 80 کروڑ روپے کا بوجھ پڑیگا۔ قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک پر نہیں ہوگا۔بجلی کی قیمت میں اضافہ اکتوبر سے دسمبر 2019ء اور جنوری سے مارچ کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواستوں پر کیاگیا۔ قیمتوں میں اضافے کی صارفین سے 12 ماہ میں وصولی کی جائے گی۔